خبرنامہ پاکستان

قطر سے گیس معاہدہ سے ملک میں گیس کی کمی اور لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی:ناصر حمید خاں

لاہور(آئی این پی) ممبرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں نے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے قطر کے ساتھ ایل این جی گیس معاہدوں کو قوم و انڈسٹری کیلئے بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدہ سے ملک میں گیس کی کمی اور لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی ، سستی گیس انڈسٹری کو مہیا ہوگی ،گیس سے چلنے والی بند انڈسٹری چلنے سے صنعتیں ترقی کریں گی اور ملک معاشی ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگاقطر سے گیس کی فراہمی سے انڈسٹری کا پہیہ چلنے سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہونگے۔ناصر حمید خاں نے کہا کہ قطر سے ایل این جی کی فراہمی سے سی این جی سیکٹر جو گیس کی عدم فراہمی سے بند اور دباؤ کا شکار تھا اب سی این جی اسٹیشن کو قطر سے درآمد شدہ ایل این جی کی فراہمی سے سی این جی اسٹیشن کھل جائیں گے اور ان کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ قطر سے سستی گیس کو بند بجلی کے یونٹ شروع کرنے کیلئے استعمال میں لاکر سستی بجلی پیدا کی جاسکے گی جس سے ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا اور صنعتیں ترقی کرینگی۔