خبرنامہ پاکستان

قومی ٹی 20 کپ، کامران اکمل کا لاٹھی چارج فاٹا کو بے حال کر گیا

قومی ٹی 20 کپ، کامران اکمل کا لاٹھی چارج فاٹا کو بے حال کر گیا
لاہور(ملت آن لائن) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کامران اکمل کا لاٹھی چارج فاٹا کو بے حال کر گیا۔ اسلام آباد نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل بولرز پر ٹوٹ پڑے، وہ 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 8 ویں اوور میں ہی 94 تک پہنچ چکا تھا، سمیع اسلم 11 رنز تک محدود رہے، عمر اکمل صرف ایک رن بنا کر اسٹمپڈ ہو گئے، کپتان سلمان بٹ کا بیٹ رنز اگلتا رہا، ان کو جوائن کرنے والے عامر یامین نے بھی بولرز کی درگت بنائی اور 26 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سلمان بٹ 74اور وہاب ریاض 6 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
لاہور وائٹس نے 4 وکٹ پر 213کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جواب میں فاٹا کے حماد اعظم 28 گیندوں پر 50 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے ،دیگر پلیئرز کامیاب نہ رہے،پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی، وہاب ریاض 3وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جب کہ کامران اکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں راولپنڈی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، کراچی وائٹس کا آغاز اچھا نہ تھا،اسد شفیق نے 49 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 150 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا،انھوں نے9 چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا جب کہ انور علی آخری اوور میں 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
کراچی وائٹس نے 6 وکٹ پر 178 کا مجموعہ ترتیب دیا، محمد عرفان جونیئر 2، شاداب خان، سہیل تنویر اور محمد عباس ایک ایک وکٹ لے اڑے۔ جواب میں راولپنڈی کو پہلا نقصان یاسر نواز (5) کا اٹھانا پڑا، محمد نواز 7 تک محدود رہے، کپتان عمر امین کی اننگز 28 پر تمام ہوئی، افتخار احمد (25 )کے بعد فواد عالم (20) بھی چلتے بنے جب کہ رمیز عزیز اور شاداب خان کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہ ملی۔
سہیل تنویر نے 24 کی اننگز میں فتح کی آس دلائی تاہم ان کی رخصتی کے بعد عمیر مسعود (24) بھی میدان بدر ہو گئے، عرفان جونیئر نے 11 گیندوں پر 19 رنز بٹورے، محمد عباس نے 7 رنز بنائے لیکن دونوں ناقابل شکست رہنے کے باوجود ٹوٹل 9 وکٹ پر 164 تک ہی پہنچا سکے، انور علی 4، رومان رئیس اور اعظم حسین 2، 2 وکیںلیں،مین آف دی میچ اسد شفیق کو قرار دیا گیا۔