خبرنامہ پاکستان

ماضی کے مقابلہ میں ملک میں دہشتگردی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے: عبدالقیوم

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے ملک کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے وسیع مفاد میں تمام اہم اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایل ایم کی حکومت نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے لیکن آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگرد کارروائیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ بین الاقوامی برادری اس بات کا اعتراف کرتی ہے کہ ماضی کے مقابلہ میں ملک میں دہشتگردی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے لعنت سے نجات حاصل کرنے اور دہشتگرد کے خلاف جنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔ عبدالقیوم نے کہاکہ موجودہ حکومت نے صوبائی حکومت کی معاونت سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو اپنے علاقوں پر موثر کنٹرول نہیں ہے جس کی وجہ سے بعض ملک دشمن عناصر پاکستانی علاقوں میں داخل ہو کر امن و امان کو متاثر کرتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض غیر ملکی عناصر پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل کرنا چاہتے ہیں لیکن دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے ۔