خبرنامہ پاکستان

محکمہ صحت کے عملہ کی کارروائی‘4لیبارٹریاں‘2کلینک سیل

محکمہ صحت کے عملہ کی کارروائی‘4لیبارٹریاں‘2کلینک سیل
تمام لیبارٹری مالکان کو لاہور پیش ہو کر فوری طور پر رجسٹریشن کروانے کی ہدایت

جڑانوالہ، سمندری، ڈجکوٹ(ملت آن لائن) محکمہ صحت کے عملہ نے کارروائی کرتے ہوئے 4 لیبارٹریاں، 2کلینک اور ایک ایکسرے پوائنٹ سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں پنجاب ہیلتھ کیئر کی ٹیم نے ڈاکٹر سعید کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے ستیانہ اڈا پر 3لیبارٹریاں، ایک ڈینٹل کلینک اور ایک ایکسرے پوائنٹ کو سیل کر کے ہدایت جاری کی کہ لاہور پیش ہو کر رجسٹریشن کروائیں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں سمندری میں ڈی ڈی او ڈاکٹر محمد یوسف نے ہاؤسنگ کالونی نمبر1 میں رحمان لیبارٹری کو چیک کیا تو اس کا مالک محمد اسلم لیبارٹری کی قانونی حیثیت ثابت نہ کر سکا، جس پر لیبارٹری سیل کر دی گئی۔ دریں اثناء ڈجکوٹ کے جامع مسجد چوک میں تابش نامی عطائی نے کلینک بنا رکھا ہے ، اس نے دو روز قبل ایک نوجوان کاشف کو انجکشن لگایا، جس سے نوجوان کی حالت غیر ہو گئی تھی، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کلینک سیل کر دیا۔