خبرنامہ پاکستان

مسلسل غیر حاضری پر اسحاق ڈار اشتہاری قرار

مسلسل غیر حاضری پر اسحاق ڈار اشتہاری قرار
اسلام آباد:(ملت آن لائن) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس میں اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے ضمانتی کو 50 لاکھ روپے کے زر ضمانت جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے اسحاق ڈارکیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر نیب نے موقف اپنایا کہ ملزم کو تمام عدالتی کارروائی کاعلم ہے، لندن بھجوانے کی ضرورت نہیں، ہر میڈیکل رپورٹ دوسری رپورٹ سے مختلف ہے، اسحاق ڈار کو دل کی کوئی تکلیف نہیں، ملزم کو مسلسل عدم پیشی پراشتہاری قرار دیا جائے۔وکیل صفائی نے وزیر خزانہ کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی مخالفت کی اور کہا کہ اسحاق ڈار کی ایم آر آئی کا انتظار تھا، سینے میں اب بھی تکلیف ہے، مزید ٹیسٹ ہوں گے۔ نیب نے وارنٹ کی تعمیل لاہور کے پتہ پر کرائی جہاں وہ رہتے ہی نہیں ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت14 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ اسحاق ڈار بطور ملزم اب تک 7 مرتبہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ اب تک 5 گواہوں نے اپنے بیانات قلمبند کرائے، تین پر جرح مکمل کر لی گئی۔ 14 نومبر کو عدم حاضری پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ 21 نومبر کو مسلسل عدم حاضری پر احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو مفرور ملزم قرار دیا۔