خبرنامہ پاکستان

مشرقی اور مغربی سرحدوں پر کشیدگی ہے: سراج

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر کشیدگی ہے ‘فوج کہاں کہاں لڑے ‘ پڑوسی ملک سے تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے ‘ حکومت فوری طور پر وزیر خارجہ تعینات کرے ‘ سندھ جیسے اہم صوبے میں ضعیف اور بیمار گورنر تعینات کر کے وفاقی حکومت نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ‘ جنرل راحیل شریف کی کارکردگی شاندار رہی ‘ امی دہے آنے والا آرمی چیف بھی فوج کے اصل موٹو ’’ایمان ‘ تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ‘‘ کو اپنائے گا۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کرپشن اور رشوت کا نظام ہے۔ پاکستان جس عظیم مقصد کیلئے بنا تھا اسے نافذ کیا جائے ۔ ٹیکس کا پیسہ قوم کا ہوتا ہے اس سے حج وزیر کرتا ہے یہ عمل درست نہیں ۔ حج اپنے پیسے سے کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت مسلسل بلا اشتعال اور بغیر جواز کے بدمعاشی کر رہا ہے ۔ بھارت کو سرحد پر بھی موثر جواب دیا جائے اور یہ معاملہ عالمی سطح پر بھی اٹھایا جائے۔ بھارت نے ماضی میں بھی ہم پر جنگ مسلط کی اب بھی کرنا چاہتا ہے۔ بھارت ایسا دشمن ہے جسے اگر خاموشی دکھائی تو وہ معاف نہیں کرے گا۔ پاکستانی قو م جاگ رہی ہے۔ ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر کشیدگی ہے۔ فوج کہاں کہاں لڑے۔ پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ فوج یکسوہر کر ازلی دشمن کا مقابلہ کر سکے۔ حکومت فوری طور پر وزیر خارجہ تعینات کرے۔ سراج الحق نے کہا کہ راحیل شریف کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ آنے والے آرمی چیف کو میری نصیحت ہے کہ وہ جو بھی حلف اٹھاتے ہیں اس کا حق ادا کریں۔ پاک فوج کا موٹو’’ایمان ‘ تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ‘‘ ہے ۔ امید ہے آنے والا آرمی چیف بھی جنرل راحیل شریف کے نقش قدم پر چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ جیسے اہم صوبے میں ضعیف اور بیمار گورنر تعینات کر کے حکومت نے غیر سنجیدگی دکھائی اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت سندھ کے ساتھ کیا کرنا چاہتی ہے۔ صدیق الزمان قابل احترام ہیں اللہ انہیں صحت دے۔ وفاقی حکومت پارس کی دوستی نبھانے کی بجائے عوامی مفاد کو اہمیت دے۔