خبرنامہ پاکستان

مصر میں پھنسے 4 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

کراچی: (ملت+اے پی پی) مصر کی بندرگاہ پر واجبات کی ادائیگی کے منتظر کویتی جہاز ایم وی اے آکاز کے عملے کے 17 پاکستانیوں میں سے 4 پاکستانی گھریلو مسائل کے باعث وطن واپس آ گئے۔ پاکستان پہنچنے والوں میں تنویر احمد، عمر غوری، محمد طارق اور سمیع اللہ شامل ہیں۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے متاثرہ افراد کا کہنا تھا کہ مصر میں بہت اذیت میں دن گزارے، مصر سے ہمارے ملک کے تعلقات اچھے نہیں جس کے باعث مشکلات ہو رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی وطن واپسی میں پاکستانی ایمبیسی نے اہم کردار ادا کیا تاہم 13 پاکستانی اب بھی مصر میں شدید اذیت میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھی اپنا سامان بیچ بیچ کر اپنے رشتے داروں سے فون پر رابطہ کرتے ہیں، پانچ ماہ سے نہ کمبل ہیں، نہ کوئی اور گرم کپڑے، متاثرہ افراد نے آواز بلند کرنے پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔