خبرنامہ پاکستان

معیاری تعلیم تک رسائی ہرشخص کا بنیادی حق؛ صدرآزاد کشمیر

معیاری تعلیم تک رسائی ہرشخص کا بنیادی حق؛ صدرآزاد کشمیر
اسلام آباد(ملت آن لائن) صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ ہماری توجہ ہر سطح پر معیاری تعلیم پر مرکوز ہونی چاہیے‘ معیاری تعلیم تک رسائی ہر شخص کا بنیادی حق اور اس کی فراہمی حکومت آزاد کشمیر کی ذمہ داری ہے۔ وہ منگل کو یہاں ایوان صدر میں یونیورسٹی آف پونچھ اور میرپور یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کے منگ اور پلندری میں کیمپسز کے قیام کے حوالے سے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ و صحت ڈاکٹر نجیب نقی‘ وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رسول جان‘ وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان‘ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے افسران، سدھنوتی ایجوکیشن کانفرنس‘ محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ نے شرکت کی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ معیاری اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی آزاد کشمیر کے شہریوں کو فراہمی یقینی بنانے کیلئے مؤثر اور پائیدار کاوشیں یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رسول جان کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ منگ کیمپس کیلئے اراضی کے حصول کا کام جاری ہے۔ اس حوالے سے تمام مسائل کا حل نکالا گیا ہے اور تمام متعلقہ بنیادی فریقین کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے منگ کیمپس میں ایجوکیشنل سٹڈیز‘ کمپیوٹر سائنسز‘ انگلش لینگویج اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طالب علموں کو بہتر مستقبل میں مدد ملے گی۔ اجلاس کے دوران صدر نے ڈاکٹر نجیب نقی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کی جو اراضی کے حصول سمیت دیگر امور پر تمام فریقین سے بات چیت کرے گی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ضروریات کے مطابق ذیلی کیمپس کے قیام کا عمل تیز کرنا چاہیے جبکہ تدریسی عملہ اور پیشہ وارانہ امور پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر حبیب الرحمان وائس چانسلر مسٹ نے صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ پلندری میں سب کیمپس کے قیام کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ آئندہ تین ہفتوں میں اس بارے میں مکمل رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ صدر آزاد کشمیر نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور کمیشن کی انتظامیہ کی جانب سے آزاد کشمیر میں تعلیم کے فروغ کیلئے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ایک جدید سب کمیپس کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منگ اور پلندری میں قائم کئے جانے والے نئے کیمپسز میں سٹاف اور طالب علموں کے لئے رہائشی سہولیات سمیت تمام تعلیمی ضروریات پوری ہونی چاہئیں۔