خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر: شہدا کی تعداد 45 ہوگئی

سری نگر (دنیا نیوز ) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی دس روز سے جاری ہے ، شہیدوں کی تعداد 45 ہوگئی ، ساڑھے تین ہزار زخمی ہیں ۔ عوامی احتجاج کچلنے کے لیے کرفیو نافذ ہے ۔ قابض افواج کی جانب سے بد ترین تشدد کے باوجود آزادی کے متوالے روز نئے جذبے سے بھارت مخالف مظاہرے کرتے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر جنت نظیر جس کا چپہ چپہ بھارتی قابض فوج کی بربریت اور ظلم و ستم کی خونچکاں داستان سنا رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی اور دہشت گردی گزشتہ دس دنوں سے جاری ہے ۔ کشمیر میڈٰیا سروس کے مطابق کئی مقامات پر ہونے والے تازہ مظاہروں میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے 8 مزید افراد زخمی ہو گئے ۔ بے گناہ شہریوں کی شہادت کے خلاف عوامی مظاہرے کچلنے کے لیے قابض افواج کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاہم ہر روز کشمیری عوام نئے ولولے اور جذبے سے آزادی ، پاکستان سے محبت اور بھارت سے نفرت کا اعلان کر رہے ہیں ۔ گزشتہ دس روز سے وادی بھر میں جاری کرفیو سے اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی تاحال بند ہیں ۔