خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں کم ووٹر ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے لوگ بھارت سے تنگ ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کم ووٹر ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے لوگ بھارت سے تنگ ہیں، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے کشمیر میں مظالم کی تصدیق کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے مسئلہ کشمیر سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تصدیق کی۔ رپورٹس میں بھارتی مظالم کا تفصیل سے ذکر ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے کشمیر میں مظالم کی تصدیق کی، کشمیری اپنے خون سے تاریخ لکھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کم ووٹر ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے لوگ بھارت سے تنگ ہیں، ایسا صرف اس طرح ممکن ہے کہ کسی ملک کے لوگ خود احتجاج کے لیے باہر نکلیں۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے جس سے کئی کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم حد سے تجاوز کر گئے ہیں، بھارتی مظالم کو اقوام متحدہ بھی نظر انداز نہیں کرسکتا۔

ترجمان نے کہا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے راستے کشمیر سے ہو کر جاتے ہیں، بھارت نے بنگلور میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کا دفتر بند کردیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر پر رپورٹ جاری کرنا تھی۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھارتی مظالم پر رپورٹ جاری کی تھی، عملی طور پر کشمیریوں سے وعدے پورے کریں گے، بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔