خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم 15 فروری سے شروع ہو گی

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) ملک بھر میں انسداد پولیو مہم 15 فروری سے شروع ہو گی جس میں 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کے حکام نے بتایا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یونیسف حکام کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں 85 فیصد پولیو کے کیسز میں کمی آئی ہے اور امید ہے کہ اس سال پاکستان کو پولیو فری قرار دے دیا جائے گا۔ 2014ء میں پاکستان میں 305 پولیو کیسز سامنے آئے جس کی وجہ دہشت گردوں کے پولیو ٹیموں پر حملے تھے اور ایک بڑی تعداد میں بچے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہے، 2015ء میں ملک بھر میں 16 ہزار بچے پولیو کے قطرے نہیں پی سکے یہ تعداد 2014ء کے مقابلہ میں بہت کم ہے، 2014ء میں خیبر ایجنسی، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان میں رسائی نہ ہونے کے باعث 2 لاکھ 92 ہزار بچے پولیو کے قطرے نہیں پی سکے۔ حکام نے بتایا کہ کچھ والدین پولیو سے بچاؤ کے قطروں کیخلاف پیدا کی جانے والی غلط فہمیوں کے باعث اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے تاہم اس جانب شعور پیدا کرنے کیلئے مہم کے باعث صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔ پولیو ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ملک کے کونے کونے میں جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔