خبرنامہ پاکستان

موٹرویز کی مرمت کا کام مکمل ہونے پر نئی باڑ لگائی جائے گی: شیخ آفتاب احمد

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ موٹرویز کی مرمت کا کام مکمل ہونے پر نئی باڑ لگائی جائے گی‘ اسلام آباد لاہور موٹروے کی مرمت کا کام بھی جاری ہے‘ تمام موٹرویز پر باڑ لگائی جاتی ہے تاہم لوگ اس کو چوری کرلیتے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران عبدالمجید خان خانان خیل کے موٹر ویز کے نقصان زدہ جنگلے کے باعث موٹرویز پر جانوروں کی نقل و حرکت کے نتیجے میں ہونے والے حادثات سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موٹرویز کے گرد حفاظت کے نقطہ نظر سے آہنی باڑ لگائی جاتی ہے مگر بدقسمتی سے لوگ تار کاٹ کر چوری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی چوری ہوتی ہے ایف آئی آر درج کی جاتی ہے۔ توجہ مبذول نوٹس پر عبدالمجید خان خانان خیل ‘ نگہت پروین میر اور ملک شاکر بشیر اعوان کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ این ایچ اے نے ایف ڈبلیو او کو فاضل درخت کاٹنے اور موٹروے کی مرمت کا ٹھیکہ دیا ہے۔ مرمت کا کام مکمل ہونے پر نئی باڑ لگائی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ لاہور سے اسلام آباد تک موٹروے کی مکمل مرمت کی جارہی ہے۔ آئندہ بیس سالوں کے لئے ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ سالانہ ٹول ٹیکس کی مد میں جمع ہونے والے 11 ارب روپے بھی این ایچ اے کو ملیں گے۔