خبرنامہ پاکستان

نوازشریف نااہل اور جیل بھی جائیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد(ملت آن لائن) تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹرفواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ زیادہ دن محفوظ نہیں رہے گا نوازشریف نااہل بھی ہوں گے اور جیل بھی جائیں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرہ اب تبدیل ہوچکا ہے اور اس کا نقطہ آغاز وزیراعظم کا احتساب ہے آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے، نوازشریف نے قوم سے خطاب کرکے جھوٹ بولا اور عدالت میں یہ نہیں بتایا کہ یہ لوگ ارب پتی کیسے بن گئے لیکن ان کے ایک ایک روپے کا حساب عدالت اور عوام کے سامنے آچکا ہے ان کا اصل کاروبار صرف کرپشن تھا انہوں نے موٹروے کا کمیشن بیرون ملک منتقل کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ محفوظ کیا اور زیادہ دن محفوظ نہیں رہے گا، آئندہ ہفتے فیصلہ آئے گا پھر نوازشریف نااہل بھی ہوں گے اور جیل بھی جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے رہنما عابد شیر علی خود ڈھائی مرلے کے مکان میں رہتے تھے لیکن اب اس قدر امیر کیسے بن گئے شریف فیملی کے بعد اب لیگی کرپٹ ٹولے کی باری آئے گی اور سب کی منرل اب اڈیالہ جیل بنے گی۔