خبرنامہ پاکستان

نواز, زرداری کیساتھ فرشتے بھی لگا دو تو کرپشن نہیں رکے گی:عمران خان

کراچی(ملت آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کے سسٹم کو ڈی ریل کررہی ہے ،پاناما کیس کے فیصلے پر منحصر ہے کہ کرپٹ مافیا ملک پر مسلط رہے یا نہیں؟،نواز اور زرداری کیساتھ فرشتے بھی لگادو تو ملک میں کرپشن نہیں رکے گی۔
پارٹی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں انکاکہناتھاکہ موٹو گینگ کو ڈر ہے پاناماکیس کا فیصلہ نواز شریف کیخلاف آیاتو باقی سب کی باری بھی آئیگی،ایک طرف کرپٹ مافیا ہے اور دوسری طرف پاکستان کے عوام کہ جنہیں لوٹاجارہاہے ،پاناما کیس ملک میں فیصلہ کن کیس ہے ،ملک سے باہر800سے 900ارب روپے کی جائیداد خریدی گئی لیکن میاں برادران جے آئی ٹی میں ایسے پیش ہوئے جیسے کشمیر فتح کیا ہو،پاکستان کا مسئلہ کرپٹ سسٹم ہے ،نوازشریف اورآصف زرداری کے ماتحت فرشتے بھی لگادیں تب بھی کرپشن نہیں رکے گی، مغرب میں فرشتے نہیں لیکن جو کرپشن کرتا ہے پکڑاجاتا ہے ،وہاں سسٹم ہے اوراسی لئے انکے ادارے مضبوط ہیں،جب اوپر ایک سربراہ اچھا آئے گا تو نیچے سسٹم خود بخود ٹھیک ہوجائیگا، سندھ میں سڑکیں صرف کاغذات تک محدود ہیں جبکہ لاڑکانہ سے بہتر نظام تو موئن جو داڑو کا ہے ۔انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جیت نے قوم کو متحد کردیا، فخر زمان اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے ثابت کردیا کہ ملک میں اب بھی ٹیلنٹ موجود ہے ،اپنا سسٹم ٹھیک کرلیں تو پاکستان ٹیم کرکٹ کی سپر پاور بن سکتی ہے لیکن وزیراعظم کے بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے سے کرکٹ میں سیاست آجاتی ہے ، اسی وجہ سے میرٹ کا قتل عام ہورہا ہے ،دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا کہ سربراہ مملکت کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کرے ،دنیا میں ٹیلنٹ کی قدر ہے مگر ہمارے ہاں نہیں ، ٹیلنٹ کو پالش کرنے کی ضرورت ہے ،نجم سیٹھی جیسے لوگ کرکٹ کا سسٹم ٹھیک نہیں کرسکتے ،پاکستان میں کرپشن کا ٹیلنٹ خوفناک حدتک بہت زیادہ ہے ،یہ ٹیلنٹ یہاں سے پیسہ چوری کرکے دبئی بھیج دیتا ہے ، ہم سکواش کے 10 ،10 سال ورلڈ چیمپئن رہے ، 20 کروڑ افراد میں سے ہمار اایک بھی فرد اولمپکس میں نہیں جاتا۔سربراہ پی ٹی آئی نے مزیدکہا کہ’ایک میڈیا گروپ کرپٹ مافیا کے حق میں ماحول سازگار بنا رہا ہے ،عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ اشتہارات کی صورت میں اس میڈیا گروپ کو دیا جارہا ہے ،یہ میڈیا گروپ میڈیا کا گاڈ فادر ہے ،میڈیا کا کام رپورٹنگ کرنا ہوتاہے لیکن مذکورہ میڈیا گروپ صرف حکومتی ترجمانی کررہا ہے ‘۔