خبرنامہ پاکستان

نواز شریف فیصلوں سے فارغ ہونے والے نہیں،خواجہ سعد رفیق

نواز شریف فیصلوں سے فارغ ہونے والے نہیں،خواجہ سعد رفیق

لاہور:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف فیصلوں سے فارغ ہونے والے نہیں، کوئی بھی آئینی حدود سے تجاوز کرے گا تو غلط ہو گا، اگر سیاست دان کو ختم کرنا ہے تو اسے غلطی کرنے کا موقع دیں۔ رائیونڈ میں نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سینٹ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے، اجلاس میں بلوچستان سے ہارس ٹریڈنگ کی اطلاعات کا بھی نوٹس لیا گیا ہے۔ اجلاس میں یہ طے کیا گیا ہے کہ نون لیگ اگلے چند روز میں پارلیمانی بورڈ کا اعلان کرے گی جو مرکز اور صوبے کی سطح پر ہو گا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف فیصلوں سے فارغ ہونے والے نہیں، نواز شریف صدر رہیں گے یا نہیں، اس پر مشاورت نہیں ہو سکتی۔ وہ جس حالت میں بھی ہیں مسلم لیگ ن کے سپریم لیڈر رہیں گے۔ عائشہ گلالئی کے الزامات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ وہ عائشہ گلالئی نام کی کسی خاتون کو سیاست میں نہیں جانتے۔ انہوں نے کہا کہ کل چیف جسٹس نے میڈیا کے حوالے سے جو بات کی ہے، اب میڈیا کو بھی اس بات کا جائزہ لینا چاہیئے کہ عدالتوں کا احترام سب پر لازم ہے۔ کوئی بھی اپنی آئینی حدود سے تجاوز کرے گا تو غلط ہو گا۔
عدالتی فیصلوں سےسیاست کودبایا نہیں جاسکتا‘ خواجہ سعد رفیق
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش 1990 سے کی جاتی رہی ہے، 2018 آ گیا ہے. کوئی جبر، پراپیگنڈہ، جھوٹ، کوئی فتوی سیاست دان کو سیاست سے دور نہیں کر سکتا۔ اس سے سیاست دان کمزور نہیں مزید مضبوط ہوتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ لودھراں اور چکوال کے نتائج آپ کے سامنے ہیں۔ اگر سیاست دان کو ختم کرنا ہے تو اسے غلطی کرنے کا موقع دیں، یوں سر قلم کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ آئینی ترمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لوگ 2018 میں کسے مینڈیٹ دیتے ہیں، اس کے بعد ہی فیصلہ ہو گا کہ آئینی ترمیم کی جاسکتی ہے یا نہیں۔ دوتہائی اکثریت بھی مل جائے تو ہم اداروں سے تصادم والی سوچ نہیں رکھتے۔