خبرنامہ پاکستان

نواز شریف لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے، چند روز قیام کریں گے

نواز شریف لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے، چند روز قیام کریں گے

سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاکستان پہنچنے کے شیڈول میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی ہوگئی اور وہ لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی آج لندن سے پاکستان کے لئے روانگی شیڈول تھی تاہم وہ سعودی عرب پہنچ گئے۔

جدہ ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کے اہلخانہ نے استقبال کیا جس کے بعد نواز شریف ایئر پورٹ سے اپنے بیٹے حسن نواز کی رہائش گاہ چلے گئے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کچھ دیر بیٹے کی رہائشگاہ پر قیام کریں گے اور آج ہی عمرہ کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ جائیں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کی بزنس کلاس میں بکنگ کرائی گئی ہے جس کے مطابق انہیں 23 اکتوبر کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 20 منٹ پر روانہ ہونا تھا۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ نوازشریف نے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 کی بزنس کلاس میں بکنگ کرائی ہے جو 21 اکتوبر کی شام 5 بجے لندن سے روانہ ہو کر 22 اکتوبر کی صبح 4 بجے لاہور پہنچے گی۔

ادھر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز میں نواز شریف کے نمائندے کے ذریعے ان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں 26 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
Advertisement