خبرنامہ پاکستان

نواز شریف صبح آٹھ بجے اسلام آباد پہنچیں گے

نواز شریف صبح آٹھ بجے اسلام آباد پہنچیں گے

نواز شریف صبح 8 بجے اسلام آباد پہنچیں گے، ذرائع کا دعویٰ، وطن واپسی کا فیصلہ اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقات میں کیا گیا، نواز شریف عدالت میں مقدمات کا بھی سامنا کرینگے، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی بھی کل صبح واپسی کا امکان ہے۔

لندن: (مانیٹرنگ) پی آئی اے اور لندن ہائی کمیشن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف آج رات لندن سے پاکستان روانہ ہونگے۔ نواز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے کل وطن پہنچیں گے۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ نواز شریف کی پرواز کل صبح 8 بجے اسلام آباد لینڈ کرے گی۔ وہ اپنے ایک ملازم عابد جان کے ہمراہ واپس لوٹ رہے ہیں۔ وطن واپسی کا فیصلہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف کے ساتھ آج صبح ناشتے پر نواز شریف کی ملاقات میں کیا گیا۔ ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ واپس آ کر نواز شریف احتساب عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرینگے۔ نواز شریف کل اسلام آباد پہنچنے پر اپنے لیگل ایڈوائزرز سے ملیں گے اور بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب کے لندن پہنچنے سے قبل لیگی قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار تاحال وطن واپس نہیں آئیں گے لیکن شہباز شریف کی لندن آمد کے بعد منظر مکمل طور پر تبدیل ہو گیا اور نواز شریف اور اسحاق ڈار نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔ دوسری جانب، تیسری سرجری کے بعد کلثوم نواز کی حالت بھی کافی بہتر ہو چکی ہے جس کے بعد اب نواز شریف کیلئے وطن واپسی ناممکن نہیں رہی۔