خبرنامہ پاکستان

نیب میں غیرقانونی بھرتیوں پرازخود نوٹس؛ فریقین کونوٹسزجاری

اسلام آباد: (اے پی پی) سپریم کورٹ نے نیب میں غیر قانونی بھرتیوں پر ازخود نوٹس کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ، قومی احتساب بیورو کو جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دے دی گئی ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نیب میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ جواب ابھی تک کیوں جمع نہیں کروایا گیا ۔ پراسیکیوٹر نیب نے جواب جمع کروانے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دینے کی استدعا کی ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ اگر بھرتیاں قانون کے مطابق ہیں تو آپ جواب جمع کروائیں، اگر بھرتیاں قانون کے مطابق ہوں گی تو عدالت مداخلت کیوں کرے گی ۔ خلاف قانون تعیناتیوں پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ عدالت نے نیب کو جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کا وقت دیتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔ مقدمے کی سماعت ستمبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی