خبرنامہ پاکستان

نیشنل ا یکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے: شاہ محمود

سیہون شریف (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیشنل ا یکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے ‘ ملک کا امن تباہ کرنے والے عناصر پر پوری قوم کو نظر رکھنا ہو گی‘ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنا ہو گا ‘ پنجاب حکومت کو حقیقت پسندانہ حکمت عملی اپنانا پڑے گی‘ چوہدری نثار کو تنہا ذمہ دار قرار دینا مناسب نہیں وہ حکومت کا حصہ ہیں۔ ہفتہ کو سیہون شریف میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ آستانے کبھی بند نہیں کئے جا سکتے۔ لوگوں کی عقیدت اور محبت کو کبھی توڑا نہیں جا سکتا۔ ایک طبقہ آستانوں سے عوام کا تعلق توڑنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آستانوں میں لوگ ذہنی و قلبی سکون کے لئے آتے ہیں ۔ ملک کا امن تباہ کرنے والے عناصر پر پوری قوم کو نظر رکھنا پڑے گی۔ ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب حکومت کو حقیقت پسندانہ حکمت عملی اپنانا پڑے گی۔ پنجاب میں حالیہ کارروائیوں میں دہشت گرد مارے گئے ہیں مزید دہشت گردوں کا تعاقب کرنا ہو گا مزید کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کو تنہاء ذمہ دار قرار دینا مناسب نہیں وہ حکومت کا حصہ ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر بدقسمتی سے حکومت نے عملدرآمد نہیں کیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے۔ پنجاب اور سندھ حکومت کے مطالبہ ہے کہ بند کئے گئے مزارات کھولے جائیں۔ سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے دربارو ں کو سیل کرنا کوئی حل نہیں ۔۔۔۔(رانا)