خبرنامہ پاکستان

ن لیگ نے چوہدری نثار کے مقابلے کیلئے امیدوار کا نام فائنل کرلیا

مسلم لیگ نے چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں امیدوار کا نام فائنل کرلیا، سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دیرینہ ساتھی کیخلاف قمر الاسلام راجہ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امراء میں مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کے بیشتر شہروں سے امیدواروں کے نام فائنل ہوگئے۔ اجلاس میں شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید، مریم نواز اور حمزہ نواز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اپنے دیرینہ ساتھی اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں این اے 59 سے قمر الاسلام راجہ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ این اے 63 سے سردار ممتاز الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔

چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادہ جمعرات کو لندن روانہ ہوں گے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور بچوں کے ساتھ عید گزاریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن مزید شہروں سے امیدواروں کے نام فائنل کرکے نواز شریف کو لندن بھجوائے گی اور ان کی منظوری سے 2 روز بعد ٹکٹوں کی حتمی فہرست کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔