خبرنامہ پاکستان

ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

اسلام آباد:(ملت آن لائن) بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ سے 2 خواتین شہید اور 5 شہری زخمی ہوگئے جس کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی رات سے سیالکوٹ سیکٹر میں فائرنگ جاری ہے۔ ان کے مطابق بھارتی جارحیت کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کی بربریت جاری ہے۔ ایل او سی پر صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے۔ بھارت مارٹر گولوں اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے شہری اور فوجی اس جنگی جنون کا نشانہ بن رہے ہیں۔ بھارت کشمیر کی خراب صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ سب کر رہا ہے۔ پاکستان صورتحال کو خراب نہیں کرنا چاہتا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری میں آواز بلند کی ہے۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان جنونیت کا ثبوت ہے۔ ’بھارتی رویہ خطرناک ہے اور مس ایڈونچر کی طرف بڑھ سکتا ہے‘۔ یاد رہے کہ آج صبح بھارت نے ایک پھر ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور کندن پور، سیالکوٹ اور چپراڑ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کارروائی کے بعد پنجاب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی پوسٹ تباہ کردی۔