خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نوازشریف کی قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کو تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

دوحہ ۔(اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کو پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے ایک پرکشش اور مثالی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات امیر قطر تمیم بن حمد الثانی سے بدھ کو یہاں ایوان امیری میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان ٹھوس برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وافر افرادی قوت موجود ہے، قطر مزید پاکستانیوں کی خدمات کو بروئے کار لا کر ان سے استفادہ کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہونا چاہئے۔ اس موقع پر قطر کے امیر نے دورہ کرنے پر وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر کو تمام پاکستانیوں کیلئے دوسرا گھر قرار دیا۔ انہوں نے قطر کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی۔ بعد ازاں دونوں اطراف کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔