خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی افغانستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے تعاون کی پیشکش

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم میاں نواز شریف نے افغانستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن ‘ استحکام اور ترقی کا خواہشمند ہے‘ خطے کے امن اور ترقی کے لئے افغانستان کے ساتھ جامع اور پائیدار شراکت داری چاہتے ہیں‘ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے جس سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا‘ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لئے تسلسل سے مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں‘ پائیدار امن کے لئے افغانیوں پر مشتمل مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں‘ چار فریقی گروپ پائیدار امن کے لئے درست سمت میں مثبت پیش رفت کررہا ہے‘ افغان حکومت اور طالبان میں بات چیت کا فیصلہ امن عمل کیلئے مثبت علامت ہے‘ افغان مہاجرین کی عزت اور وقار کے ساتھ اپنے گھروں کو واپسی چاہتے ہیں۔ بدھ کو یہاں وزیراعظم میاں نواز شریف سے افغانستان کے ولوسی جرگہ کے سپیکر عبدالرؤف ابراہیمی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر حضرت عمر اور افغان اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار محمد ایاز صادق اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد خان شیرپاؤ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے‘ پاکستان افغانستان میں امن ‘ استحکام اور ترقی کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے امن اور ترقی کے لئے افغانستان کے ساتھ جامع اور پائیدار شراکت داری چاہتے ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ باہمی اعتماد کو فروغ دے کر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں‘ سلامتی ‘ انسداد دہشت گردی‘ تجارت اور معاشی ترقی کے شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے افغانستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے تعاون کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے اس سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لئے تسلسل سے مخلصانہ کوششیں کررہا ہے۔ افغانستان میں پائیدار امن کے لئے افغانیوں پر مشتمل مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے چار فریقی گروپ پائیدار امن کے لئے درست سمت میں مثبت پیش رفت کررہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان میں بات چیت کا فیصلہ امن عمل کے لئے مثبت علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی عزت اور وقار کے ساتھ اپنے گھروں کو واپسی چاہتے ہیں۔ اس موقع پر افغانستان کے ولوسی جرگہ کے سپیکر عبدالرؤف ابراہمی نے کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک تھا جس نے 1979 میں بیرونی جارحیت کے خلاف افغانستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تیس سالوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔ پاکستانی قوم نے افغانی بھائیوں کا محبت اور احترام سے خیال رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ افغانی بھائیوں کے لئے پاکستان دوسرا گھر ہے ہمیں ہر صورتحال میں ایک دوسرے کا مضبوط دوست رہنا ہے۔ عبدالرؤف ابراہیمی نے اعتراف کیا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کا نکتہ نظر اور پالیسی واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا امن عمل کے لئے ویژن اور پالیسی قابل تعریف ہے جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دوست پاکستان کے دوست ہیں۔ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔ (ن غ)