خبرنامہ پاکستان

پارلیمنٹ حملہ کیس، عمران خان اور طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد۔ 20 اکتوبر (ملت + اے پی پی)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سربراہ عوامی تحریک طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے 17 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔جمعہ کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے 2014 کے حکومت مخالف دھرنوں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سرکاری ٹی وی سمیت پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کرنے کے مقدمہ میں ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سمیت 70 دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں اور ملزمان کو آئندہ سماعت پر17 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے 6ملزمان کے حاضر ہونے پر ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی۔ملزمان کے تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمات درج ہیں۔