خبرنامہ پاکستان

پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں، وزیراعظم

Belt, Road

پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں، وزیراعظم

بھکر:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔ بھکر میں ہیلتھ کارڈ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ صوبوں کو ملانے کی بات کی ہے اور کبھی بھی تفریق کی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے حصے میں آیا کہ ملک کیلیے ترقی کریں اور عوام کو آگے لے کر جائیں اور یہ سب ہم نے کیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے 580 کلومیٹر موٹروے بنایا اور ملک بھر میں 5 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں بن رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگ قرضہ لے کر علاج کراتے تھے جس سے مزید غربت کا شکار ہوجاتے تھے لیکن اب ان کی ذمہ داری حکومت نے لی اور ہیلتھ کارڈ سے 15 لاکھ گھرانے مستفید ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے مخالف جماعتوں کے پاس بھی حکومتیں ہیں اور سب نے دعوے کیے لیکن کام کوئی نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ انتشار اور دھرنوں میں گھسیٹا گیا لیکن ہم کام کرنے سے نہیں رکے تاہم نواز شریف نے ثابت کیا ہم نعروں والی جماعت نہیں ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ووٹ اسمبلیاں توڑنے کے لیے نہیں دیئے بلکہ کام کرنے کے لیے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں اور پہلے اسمبلیوں میں آئیں پھر توڑنے کی کوشش کریں۔ وزیر اعظم نے گزشتہ دنوں مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے جلسے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کچھ روز پہلے مال روڈ پر جلسہ ہوا جہاں تقریریں کرنے والے زيادہ اور سننے والے کم تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی یہی سیاست رہ گئی ہے اور میں نام لے کر وقت ضائع نہیں کرناچاہتا۔