خبرنامہ پاکستان

پاکستانی تاجر الاقوامی نمائش میں شرکت کریں گے

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجر کیوبا میں ہونے والی بین الاقوامی نمائش میں بھرپور شرکت کرینگے جس میں ستر سے زیادہ ممالک شرکت کریں گے۔ اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔دوست ملک کیوبا کے زریعے لاطینی امریکا کی منڈیوں میں قدم جمائے جا سکتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے یہ بات پاکستان میں کیوبا کی سفیر گبریل ٹیل کپوتے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم مگر تجارت کم ہے جسے بڑھانے کیلئے ایف پی سی سی آئی بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے۔کیوبا میں پاکستانی ٹیکسٹائل ، چمڑے کی مصنوعات، آلات جراہی، کھیلوں کے سامان اور چاول کی بڑی مانگ سے مگر برآمدکنندگان اس طرف پوری طرح متوجہ نہیں ہوئے ہیں۔ اس موقع پر کیوبا کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک ہیلتھ سروسز، چینی، تمباکو، نکل اور بایو ٹیکنالوجی ایکسپورٹ کر رہا ہے جبکہ سالانہ لاکھوں سیاح بھی کیوبا آتے ہیں۔ امریکا سے سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد صورتحال بہتر ہو گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں طب کے شعبہ کو بین الاقوامی معیار پر لانے میں ہر ممکن تعاون اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے لئے تیار ہیں اورسیاست و تجارت کے علاوہ ثقافت کے شعبہ میں بھی تعلقات بڑھاناچاہتے ہیں ۔ کیوبا نے سینکٹوں پاکستانی طلباء کو میڈیکل کی تعلیم فراہم کی ہے اور2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد متاثرین کی بھر پور مدد کی اور 32 ہسپتال اور 600 افراد پر مشتمل طبی عملہ بھیجا۔ مشن کی تکمیل پر یہ ہسپتال اور طبی آلات پاکستان کو بطور تحفہ دے دیئے گئے تھے۔وہ وفاقی چیمبر اور کیوبا چیمبر آف کامرس کے مابین وفود کے تبادلوں کو یقینی بنائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون بڑھے۔