خبرنامہ پاکستان

پاکستانی کوہ پیماء حسن سدپارہ انتقال کر گئے

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ سر کرنے والے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیماء حسن سدپارہ انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ وتدفین آبائی علاقے سکردو میں کی جائے گی۔
حسن سدپارہ گزشتہ کچھ عرصہ سے بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، ان کا کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ حسن سدپارہ کی بیماری کی خبر نشر ہونے پر پنجاب حکومت نے ان کے لئے پچیس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔ حسن سد پارہ نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے ملک کا نام روشن کیا، اس کے ساتھ ساتھ وہ کے ٹو اور نانگا پربت کی چوٹیاں سر کر چکے ہیں، حسن سدپارہ کی نمازہ جنازہ آبائی گاوں سکردو کے شہر سدپارہ میں ادا کی جائے گی۔ وزیراعظم نوازشریف نے معروف کوہ پیماء حسن سدپارہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ آج ہم نے اپنا ایک ہیرو کھو دیا۔ حسن سدپارہ نے اپنے عزم اور خودمختاری کے باعث دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کیں۔ پوری قوم کو ان کی شاندار کامیابی پر فخر ہے۔
یاد رہے کہ حسن سدپارہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاکستان کے دوسرے کوہ پیما تھے۔