خبرنامہ پاکستان

پاکستان امریکا کا اتحادی ملک ہے،امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن۔ (اے پی پی)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کو ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فروخت کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا اتحادی ملک ہے اور اس کی فوج دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات انھوں نے گزشتہ روز سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کی سماعت کے دوران سوالات کے جواب میں کہی۔کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب کروکر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہاں اب بھی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں اور وہ افغانستان کے استحکام کے لیے وہاں موجود امریکی فوج کے لیے خطرہ ہیں، بحیثیت کمیٹی سربراہ وہ اوباما انتظامیہ کو امریکی عوام کا پیسہ اس طرح خرچ نہیں کرنے دیں گے۔ان کا اشارہ ایف ۔16 طیاروں کی خریداری کے معاملے میں پاکستان کو دی جانے والی چھوٹ کی طرف تھا۔وزیر خارجہ جان کیری نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار فوجی مغربی سرحد پر تعینات ہیں جہاں وہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں پاکستان کو بہت نقصان پہنچا اور اس کے ہزاروں شہری مارے گئے۔جان کیری نے کہا کہ وہ سینیٹر کروکر کے تحفظات سے آگاہ ہیں اور یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے جس پر وہ اس فورم پر بات نہیں کرسکتے۔واضح رہے کہ رواں ماہ اوباما انتظامیہ نے پاکستان کو تقریباً 70 کروڑ ڈالر مالیت کے آٹھ ایف سولہ طیارے اور دیگر فوجی سازو سامان فروخت کرنے کا اعلان کیاس تھا اور امریکی کانگریس کے پاس اس سودے کی توثیق کے لیے 30 دن کا وقت ہے۔