خبرنامہ پاکستان

پاکستان اورایران کےدرمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں پردستخط

اسلام آباد:(اے پی پی)ایران کے صدر حسن روحانی نےکہاکہ پاکستان کی سلامتی ہماری سلامتی جبکہ ایران کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کہتےہیں کہ مختلف شعبوں میں تعاون اور عوامی سطح پررابطے بڑھانے کےلئےدو نئے سرحدی راستے کھولنے کا فیصلہ کیاہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو وزیراعظم نے کابینہ ارکان کےہمراہ چکلالہ میں نور خان ائیر بیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا،ایرانی صدرکو21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پرائم منسٹر ہاوس پہنچنے پر وزیراعظم نے گرمجوشی سےخیرمقدم کیا،ایرانی صدر کوگارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔ ایرانی صدر روحانی نےوزیراعظم نوازشریف سے پہلےون آن ون ملاقات کی، بعد میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دونوں ملکوں کےدرمیان معاشی ،تجارتی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ان کی مفاہمت کی یاداشتوں پر دست خط کیے گئے جس میں تجارت بڑھانے کا5 سالہ معاہدہ بھی شامل ہے۔ مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نے ایرانی صدر کو جشن نوروز اور ایرانی صدر نےانہیں یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایران پرپابندیوں کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان معاشی روابط بہت متاثر ہوئے،آج کی بات چیت میں ہم نے تجارت،معیشت اور توانائی کےشعبوں میں تعاون بڑھانے اور عوامی رابطوں کو تیز کرنے کےلئے دو نئے سرحدی راستے کھولنے کا فیصلہ کیاہے۔ ایرانی صدر کا کہناتھاکہ مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ،خطے کے تنازعات کاسیاسی حل تلاش کیاجائے ،یقیناً بلاشبہ پاکستان کی سلامتی ہماری سلامتی ہے اور ایران کی سلامتی پاکستان کی ،ہمیں دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں کو محفوظ بنانے کے لئے مل کر کوششیں کرناہوں گی۔ ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ قدرتی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور سرحدیں محفوظ بنانے سےدونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔