خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں آلودہ پانی دہشت گردی سے بڑا عفریت

پاکستان میں آلودہ پانی

پاکستان میں آلودہ پانی دہشت گردی سے بڑا عفریت

لاہور:(ملت آن لائن) دہشت گردی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس میں اب تک ہزاروں پاکستانی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، تاہم حال ہی میں اقوام متحدہ نے اس شے کی طرف توجہ دلائی ہے جو دہشت گردی میں مارے جانے والوں سے زیادہ پاکستانیوں کی موت کی ذمہ دار ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ہونے والی سالانہ اموات میں سے 40 فیصد اموات گندے اور آلودہ پانی اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ کے قریب افراد آلودہ پانی اور اس سے ہونے والی بیماریوں کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔
دنیا میں 2 ارب افراد فضلے سے آلودہ پانی پینے پر مجبور
ان میں زیادہ تعداد بچوں کی ہوتی ہے جو کمزور قوت مدافعت کے باعث آلودہ پانی میں پائے جانے والے جراثیموں سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صنعتوں سے زہریلا اخراج اور غیر محفوظ سیوریج سسٹم پانی کو آلودہ بنانے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ دوسری جانب گاؤں دیہاتوں میں فراہمی آب کی صورتحال نہایت تشویش ناک ہے۔ کئی گاؤں دیہاتوں میں لوگوں کو پانی لانے کے لیے کئی کلو میٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے، جبکہ وہاں جانوروں اور انسانوں کا ایک ہی مقام سے پانی پینا بھی معمول کی بات ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان کی صرف 15 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر ہے جبکہ 85 فیصد شہری گندا اور آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔
آلودہ پانی صاف کرنے کا ایک اور طریقہ
ایک پاکستانی ماہر طب کے مطابق پاکستان کے صحت بجٹ کا تقریباً نصف فیصد حصہ آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج پر خرچ ہورہا ہے۔ ان کے مطابق اگر صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تو نہ صرف بجٹ کا یہ حصہ محفوظ کیا جاسکتا ہے بلکہ ہزاروں افراد اور بچوں کو بھی مرنے سے بچایا جاسکتا ہے۔