خبرنامہ پاکستان

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے نہایت پرکشش مراعات پیش کی جا رہی ہیں، وزیراعظم

دوحہ ۔ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بالخصوص توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صارف انڈسٹری سے متعلق منصوبہ جات میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے نہایت پرکشش مراعات پیش کی جا رہی ہیں، پاک قطر روایتی اور دوستانہ سیاسی روابط باہمی طور پر مفید اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ کے لئے شاندار بنیاد فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بات قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ عبداﷲ بن محمد الثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور قطر میں پاکستان کے سفیر شہزاد احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے قطری پٹرولیم اینڈ گیس کمپنیوں کو تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسیع و عریض ذرخیز زمین کا حامل ایک زرعی ملک ہے، قطری کاروباری شخصیات زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبہ میں موجود مواقع سے استفادہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سڑکوں، شاہرات، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور صنعتوں جیسے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ ان شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے نہایت پرکشش مراعات پیش کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے قریبی اور خوشگوار تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، ہم دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں میں تنوع پیدا کرنے اور انہیں مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ روایتی اور دوستانہ سیاسی روابط باہمی طور پر مفید اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کے فروغ کے لئے شاندار بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے ’’نبراس پاور‘‘ کے وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کار کمپنی نبراس پاور قطر انوسٹمنٹ کے تحت کام کر رہی ہے اور اس نے ایل این جی پر مبنی بجلی کے منصوبہ جات کے حوالے سے ستمبر 2015ء میں پاکستان میں اس حوالے سے جائزہ لیا تھا۔ سی ای او قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی شیخ عبداﷲ بن محمد الثانی نے پاکستان میں آزادانہ اقتصادی پالیسی اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطری سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں وسیع اقتصادی مواقع تلاش کریں گے۔