خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ میں جمع کرا دیئے

نیویارک: (ملت+اے پی پی) اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے پاکستان میں بھارتی مداخلت اور دہشتگردی سے متعلق ڈوزیئر سیکرٹری جنرل کے حوالے کیا۔ ڈوزیئر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ پاکستان میں بھارت کی مداخلت بند کرائے۔ ڈوزیئر میں بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں بھارتی مداخلت کے ثبوت شامل ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اس سے قبل اکتوبر 2015ء میں بھی پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ میں 3 ڈوزیئر جمع کرائے گئے تھے۔ اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی پیش کیا گیا جس میں کل بھوشن یادیو کے اعترافی بیان کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ سرتاج عزیز کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ بھارتی سرگرمیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور انہیں فوری طور پر بند کرایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔