خبرنامہ پاکستان

پاکستان نے ٹیم نہ بھیجی تو قانونی راستہ اختیار کریں گے، بھارتی وزارت خارجہ

نئی دلی:(آئی این پی) ترجمان بھارتی وزارت خارجہ وکاس سوارپ کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت تمام ٹیموں کی سکیورٹی کا انتظام کیا جاچکا ہے تاہم پاکستان نے ٹیم نہ بھیجی تو قانونی راستہ اپنائیں گے۔ نئی دلی میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے سیکیورٹی کے ہرممکن انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ پاکستان سمیت تمام ٹیموں کی سکیورٹی کا انتظام کیاجاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پاکستان سمیت دیگر ممالک نے سیف گیمز میں حصہ لیا تھا اور تب بھی ہم نے ہر ٹیم کو اچھی سیکیورٹی فراہم کی تھی۔ وکاس سوراپ نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کوتحریری سیکیورٹی کی ضمانت دینے کا معاملہ وزارت داخلہ کا ہے جب کہ پاکستان نے ٹیم نہ بھیجی تو قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سیکرٹری خارجہ یامشیروں کی ملاقات کا شیڈول طے نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ بھارت تمام ٹیمیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گا لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بہانہ بنا کر بھارت نہ آنا الگ بات ہے۔19 مارچ کو پاکستان اور بھارتی کرکٹ ٹیمیوں کے درمیان دھرم شالہ میں کھیلے جانے والا میچ سیکیورٹی خدشات کے باعث کولکتہ منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے سیکیورٹی کی تحریری ضمانت نہ ملنے تک ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔