خبرنامہ پاکستان

پاکستان پوسٹ کی اصلاحات کے تحت محکمہ کو منافع بخش بنانے میں مدد ملے گی،حکام پاکستان پوسٹ

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) پاکستان پوسٹ کی اصلاحات کے تحت محکمہ کو سرکاری نجی شراکت داری کے ذریعے منافع بخش بنانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان پوسٹ کے حکام کے مطابق پاکستان پوسٹ حال ہی میں منظور ہونے والی اصلاحات کے تحت محکمہ ڈاک کی پیشہ ورانہ سہولیات کو جدید ترین خطوط پر استوار کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ بیرون اور اندرون ملک کے دور افتادہ علاقوں سمیت چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، دیہات اور آبادیوں میں انتہائی ارزاں قیمت پر سبک رفتار ڈاک کی ترسیل ہو اور لوگوں کو سہولت مل سکے۔ حکام نے بتایا کہ جی ایٹ مرکز پوسٹ آفس کو جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا ہے اور جلد دیگر ڈاکخانوں میں بھی ان سروسز کا اجراء ہو گا۔ پہلا اقدام موبائل منی سلوشن ہے جس کیلئے 3200 ڈاکخانوں اور 9 ہزار ایجنسی ڈاکخانوں پر نمایاں سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے ذریعے ہارڈویئر، سافٹ ویئر، پوسٹل عملہ کی تربیت، نئی مصنوعات کی تشہیر جیسے اقدامات شامل ہیں جسے دوسال میں مکمل کیا جائے گا۔ پاکستان پوسٹ ان اقدامات کے ذریعے مارکیٹ کا 20 فیصد حصہ حاصل کرے گا۔ نجی شراکت دار پاکستان پوسٹ کو جدید مواصلاتی ذرائع بروے کار لاتے ہوئے سبک رفتار بنانے اور ترسیلات زر کے عمل کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نجی شعبہ کے تعاون سے پاکستان پوسٹ کی ملکیتی لاجسٹک کمپنی بنائی جائے گی۔