خبرنامہ پاکستان

پاکستان چین اقتصادی راہداری متعلق سیکورٹی انتظامات کو حتمی کر لیا گیا ہے:عبدالقادر بلوچ

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق سیکورٹی انتظامات کو حتمی کر لیا گیا ہے، اس منصوبے سے خطے میں سماجی اور اقتصادی ترقی آئے گی۔ پیر کو پی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا اور منصوبے کہ مغربی روٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے اور ملک کیلئے گیم چینجر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت قومی منصوبوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اس منصوبے کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔