خبرنامہ پاکستان

پاکستان کی جانب سے تاجکستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا

اسلام آباد ۔(اے پی پی) حکومت پاکستان کی جانب سے تاجکستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا۔ 7 دسمبر 2015ء کو تاجکستان میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں تقریباً 1330 مکانات تباہ ہوئے اور 7000 لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔ وزیراعظم پاکستان نے تاجکستان کے علاقے گورنوبدخشاں کے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک ملین امریکی ڈالر کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے امدادی سامان جس میں خیمے، کمبل اور گندم شامل ہے تاجکستان بھیجنے کا بندوبست کیا ہے۔ امدادی سامان کی پہلی کھیپ میں 2100 ٹینٹ اور 12,500 کمبل روانہ کر دیئے گئے ہیں جبکہ 1,280 ٹن گندم کے حصول کیلئے پاسکو سے مطالبہ کر دیا گیا ہے جو کہ آنے والے دنوں میں روانہ کر دی جائے گی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز نے امدادی سامان کی پہلی کھیپ ایچ الیون اسلام آباد میں تا جکستان کے سفیر جانونوف شیرعلی کے حوالے کر دی ہے۔