خبرنامہ پاکستان

پاک فوج کسی جنگ میں حصہ لینے سعودی عرب نہیں جا رہی: احسن اقبال

پاک فوج کسی جنگ میں حصہ لینے سعودی عرب نہیں جا رہی: احسن اقبال

اسلام آباد: (ملت آن لائن) احسن اقبال کا کہنا ہے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ اور قریبی تعلقات ہیں ، پاک فوج کسی جنگ میں حصہ لینے سعودی عرب نہیں جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایل او سی پر بھارتی شیلنگ کی مذمت کرتے ہیں ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک مقامی لوگ چلا رہے ہیں ، بھارت شیلنگ کر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ، ہمیں کوئی دہشتگردی کی واچ لسٹ میں نہیں ڈال سکتا۔ ان کا کہنا تھا ماضی میں ای سی ایل کو سیاسی آلہ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا ، ای سی ایل میں نام ڈالنے کا پہلے جائزہ لیا جاتا ہے ، ٹھوس جواز پر نام ای سی ایل میں ڈال دیئے جاتے ہیں ، ای سی ایل اب سیاسی ہتھیار نہیں رہا ، ہم نے سیاسی بنیاد پر کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا۔
…………………………
اس خبر کو بھی پڑھیے….’ایک ماں وزیر اعظم بھی ہوسکتی ہے‘

لاہور:(ملت آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک مضمون میں کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ثابت کیا کہ ایک ماں وزیر اعظم بھی ہوسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی اخبار میں مضمون لکھا جس میں انہوں نے اپنی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اپنے مضمون میں بلاول نے لکھا کہ بے نظیر بھٹو نے ثابت کیا ایک ماں وزیر اعظم بھی ہوسکتی ہے۔ کامیابیوں کے باوجود بے نظیر کو بطور خاتون اپنی حیثیت ثابت کرنا پڑتی تھی۔ بلاول نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود انہیں کبھی شکایت کرتے نہیں دیکھا۔ بے نظیر نے سیاسی سفر غاصب کے خلاف جدوجہد کی علامت کے طور پر کیا۔ اپنے مضمون میں بلاول کا مزید کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیے اور مشرف کے خلاف طویل جنگ لڑی۔ انہوں نے میرے والد سمیت سیاسی قیدیوں کے لیے آواز اٹھائی۔ میرے والد کو ساڑھے 11 سال بغیر سزا کے جیل میں رکھا گیا۔ انہوں نے اپنے مضمون میں کچھ تصاویر بھی شامل کیں جن میں بے نظیر بھٹو وزارت عظمیٰ اور دیگر سیاسی سرگرمیوں میں اپنے بچوں کے ساتھ موجود ہیں۔ یاد رہے کہ بے نظیر بھٹو کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران انہوں نے بیٹی کو جنم دیا۔ بختاور بھٹو ان کی وہ بیٹی ہیں جو عہدے پر موجود وزیر اعظم کے ہاں پیدا ہونے والی شخصیت ہیں۔