خبرنامہ پاکستان

پولیس کا عمران خان کی گرفتاری کیلیے بنی گالہ میں چھاپہ

پولیس کا عمران خان کی گرفتاری کیلیے بنی گالہ میں چھاپہ

اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے دعویٰ کیا ہےکہ پولیس نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی گرفتاری کے لئے بنی گالہ میں چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر نہیں ملے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی حملہ کیس میں گزشتہ روز عمران خان کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

دانیال عزیز نے کہا کہ بنی گالہ اراضی کی خرید و فروخت کے کچھ کاغذات جمع کرا دیے گئے اور کچھ آ رہے ہیں جب کہ پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر نہیں ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اداروں کو مضبوط کرنے کی باتیں تو کرتے ہیں لیکن خود ان کی توہین بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ 26 تاریخ کو وہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو رہے ہیں تو کیا انسداد دہشت گردی نے ان کے جو وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں ان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی حملہ کیس میں عمران خان اور طاہر القادری کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دے رکھا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جو انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیے ہیں۔