خبرنامہ پاکستان

پٹھان کوٹ حملہ:پاکستانی تفتیشی ٹیم اتوار کو بھارت جائیگی

اسلام آباد: (اے پی پی)پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی مشترکہ تفتیشی ٹیم اتوار کو بھارت جائے گی۔ بھارت نے ٹیم کے ارکان کو ویزے جاری کردیے۔ پاکستانی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم 27مارچ کو نئی دہلی پہنچے گی اور 28مارچ کو پٹھان کوٹ میں اپنا کام شروع کرے گی۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے ائیر بیس کے اندر محدود رسائی دی جائے گی، تکنیکی علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی، نہ ہی پاکستانی ٹیم گورداس پورکے ایس پی اور ان کے ساتھیوں سے ملاقات کرسکے گی۔ بھارت جانے والی پانچ رکنی جے آئی ٹی کے کنوینر کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے اے آئی جی رائے طاہرہیں، ٹیم کے ارکان میں لیفٹیننٹ کرنل تنویراحمد،لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا، عظیم ارشداورشاہد تنویرشامل ہیں۔ 2 جنوری کو پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے میں بھارت کے 6 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 6 حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔ بھارت نے الزام لگایا کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی ہے۔