خبرنامہ پاکستان

پی ٹی آئی کا یوٹرن: خیبرپختونخوا حکومت کا 14 مئی کو بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا

پی ٹی آئی کا یوٹرن: خیبرپختونخوا حکومت کا 14 مئی کو بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ

پشاور:(ملت آن لائن) خیبرپختونخوا حکومت نے 14 مئی کو بجٹ اجلاس طلب کرلیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کرے گی اور یہ اگلی حکومت کا کام ہے کہ وہ 5 سال کا بجٹ بنا کر پیش کرے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے 14 مئی کو بجٹ پیش کرنے کے لیے اجلاس طلب کرلیا ہے جس کی تصدیق سیکریٹری خزانہ شکیل قادر کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پہلے وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کے لیے سمری بھیجی گئی تھی جس پر انہوں نے بجٹ پیش کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم گزشتہ روز ایک بار پھر بھیجی گئی سمری پر وزیراعلیٰ نے دستخط کردیئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا بتانا ہےکہ صوبائی حکومت نے بجٹ پیش کرنے کے لیے 14 مئی کو بجٹ اجلاس طلب کرلیا ہے جس کے لیے اپوزیشن سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے رابطے کے لیے اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے، کوشش ہے کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر بجٹ پیش کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسمبلی توڑنے کا تاثر درست نہیں، وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی خواہش ہے کہ اسمبلی مدت پوری کرے۔