خبرنامہ پاکستان

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا جنرل سیکریٹری کا عہدہ خالی رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا جنرل سیکریٹری کا عہدہ خالی رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ملت آن لائن)سپریم کورٹ کی جانب سے جہانگیر ترین کو تاحیات نا اہل قرار دیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں ہوا جس میں نظر ثانی درخواست پر سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک سیکرٹری جنرل کا عہدہ خالی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بنی گالہ میں ہونے والے اس اجلاس میں عمران خان کے علاوہ پارٹی کے اعلیٰ قیادت نے شرکت کی جس میں سپریم کورٹ فیصلے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ پارٹی جہانگیر ترین کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جہانگیر ترین کی نااہلی کے فیصلے کےخلاف نظرثانی درخواست پر سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ آنے تک سیکرٹری جنرل کاعہدہ خالی رکھا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ’’جہانگیر ترین تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں، اسحاق ڈار اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد بھی منصب سے الگ ہونے کو تیار نہیں، نااہل، بددیانت شخص کوپارٹی صدر بنانے کیلئے آئین میں ترمیم کی گئی‘‘۔

پارٹی قیادت نے چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے شاہ محممود قریشی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔

اسدعمر،شفقت محمود، فوادچودھری، ڈاکٹربابراعوان 5 رکنی کمیٹی میں شامل ہیں اور یہ کمیٹی آئندہ ہفتےحدیبیہ پیپرملز کیس پرچیئرمین کو آئندہ کا لائحہ عمل تجویز کرے گی۔

پی ٹی آئی اعلامیے میں سابق چیئرمین نیب کے مقرر کردہ پراسیکیوٹرز کی شریف خاندان سے ملی مبینہ بھگت اور حدیبیہ پیپر ملز کیس میں نیب کے کردار پر کڑی تنقید کی گئی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ ’’سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کومالی بے ضابطگیوں سمیت ہر الزام سے پاک قرار دیا ہے، جہانگیر ترین نے محض اخلاقی بنیادوں پراستعفیٰ دینے کا قابل تحسین فیصلہ کیا‘‘۔

پارٹی اعلامیے میں عمران خان کی صداقت اورامانت پرمہرتصدیق ثبت کرنے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا گیا اور کہا گیا کہ جہانگیر ترین کا کرپٹ، گاڈفادر اور سیسیلین مافیا سےکوئی موازنہ نہیں۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے اعلامیے میں سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے ننھے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے چکی ہے جس کے بعد جہانگیر ترین نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

قبل ازیں یہ خبریں آئی تھیں کہ کور کمیٹی اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما پریس کانفرنس کریں گے جس میں عدالت کے فیصلے پر بات کی جائے گی جب کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے نئے سیکریٹری جنرل کا بھی انتخاب ہوگا۔