خبرنامہ پاکستان

چاہےمنرل واٹرکمپنیاں بند کردیں، صنعت کیلئے قوم کا نقصان نہیں کرسکتے:سپریم کورٹ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) منرل واٹر کمپنیوں سے زیرزمین پانی کی مد میں چارجز وصولی کیس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ یہ معاملہ اب ٹیکس سے بڑھ کر اسکینڈل کی شکل اختیار کر گیا ہے، آپ لوگ چاہے کمپنیاں بند کر دیں لیکن زیرزمین پانی آلودہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اعتزاز احسن اور دوسرے بڑے وکلاء نے فیسیں لے لی ہیں اب فیصلہ ہم نے کرنا ہے، کسی نے منرل واٹر کہا تو ناراض ہوجاؤں گا، اس کو منرل نہیں بوتل میں بند پانی کہنا چاہیئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اربوں روپے کا پانی نکال لیا گیا، اس لوٹ مار کا حساب کون دے گا۔

واٹر کمپنی کے نمائندے سے مکالمے کے دوران چیف جسٹس نے کہا آپ اپنی انڈسٹری بند کر دیں، ایک صنعت کے فائدہ کے لئے قوم کا نقصان نہیں کرسکتے، آپ اپنے کاروبار کے لیے خام مال مفت کیوں لے رہے ہیں، آپ کے منافع کے لیے قوم کو پیاسا نہیں مرنے دوں گا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے واٹر کمپنی کے نمائندے کو کہا کہ بوتلوں کے پانی کو بند کر دیں، ہم گھڑے کا پانی پی لیں گے، آپ اس قوم کے مسیحا نہیں، قوم کی فکر چھوڑیں اور اپنے منافع کی فکر کریں، 30 سال سے آپ واٹر کمپنی کے نام سے فیکٹری چلا رہے ہیں اور اس عرصے میں قوم کا کتنا پانی استعمال کرگئے۔

چیف جسٹس نے کہا ‘چار دفعہ میں نے آپ کے منرل واٹر میں ملاوٹ پکڑی ہے، آپ کے وکیل میرے پاس سفارشیں لے کر آتے رہے’۔

ماہرماحولیات پروفیسر ڈاکٹراحسن صدیقی نے عدالت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کمپنیوں کے پاس پانی کی کوالٹی چیک کرنے کے آلات ہی نہیں اور انہوں نے کسی ماحولیات کمپنی سے سرٹیفکیٹ بھی نہیں لیا۔

چیف جسٹس نے سوال کیا مجھے بتائیں بوتلوں والا پانی کیسے تیار کیا جاتا ہے اور بوتل میں بند پانی کی کوالٹی کیا ہے۔

جس پر پروفیسر احسن صدیقی نے بتایا کہ انسان پانی کی ایک بوند بھی پیدا نہیں کر سکتا، ایک کمپنی کا ایک پلانٹ لگ بھگ ایک لاکھ لیٹر ایک گھنٹے میں زمین سے پانی نکال رہا ہے، کراچی میں زیر زمین پانی کی سطح 100 فٹ سے 400 فٹ پر چلی گئی ہے۔

ڈی جی ماحولیات کے مطابق پانی کی کوئی کمپنی زیرزمین پانی کے استعمال پر ایک روپیہ بھی حکومت کو نہیں دے رہی اور زیرزمین پانی سے صاف پانی حاصل کرنے کے بعد ویسٹ کو پھینک دیا جاتا ہے، ایسا ویسٹ زیر زمین پانی کو مزید آلودہ کررہا ہے۔

پروفیسر احسن صدیقی نے کہا دریائے سندھ کے پانی سے بیکٹیریا ختم کر دیا جائے تو یہ بوتلوں سے ہزار گنا بہتر پانی ہے۔

عدالتی معاون نے اس موقع پر کہا کہ پانی کی بوتل کے بجائے زمین سے نکالے جانے والے فی لیٹر پانی پر ٹیکس عائد کیا جائے اور جب سے کمپنیاں پانی نکال رہی ہیں تب سے ٹیکس وصول کیا جائے۔