خبرنامہ پاکستان

چیئر مین سی ڈی اے نے،11کنٹریکٹرز کے ناموں کی حتمی منظوری دے دی

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے انٹرچینجز کی تعمیر کیلئے مقررہ معیار پر پورا اترنے والے 11کنٹریکٹروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی،منصوبے کیلئے ٹینڈر آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا۔ سی ڈی اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد محمود نے پیر کو’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کے انٹرچینجز کی تعمیر کے لئے 22 کنٹریکٹروں نے پیشکشیں جمع کروائیں ، سی ڈی اے نے پیشکشوں کی جانچ پڑتال کرکے معیار پر پورا اترنے والے 50 فیصد کنٹریکٹروں کی درخواستوں کو شارٹ لسٹ کرکے حتمی منظوری کے لئے نام چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کو بھجوا ئے گئے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے انٹرچینجز کی تعمیر کیلئے مقررہ معیار پر پورا اترنے والے 11کنٹریکٹروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی ہے۔جس کے لئے اخبارات میں ٹینڈر آئندہ ہفتے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر پانچ انٹر چینجز تعمیر کئے جائیں گے جس میں سوہان، کھنہ، کورال، جاپان روڈ اور جی ٹی روڈ پر انٹر چینجزکی تعمیر شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انٹرچینجز پر کام کا آغاز رواں ماہ میں ہوگا اور اسے چھ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ سب سے پہلے کورال چوک پر انٹر چینج تعمیر کیا جائے گا جس کے بعد سڑک کی توسیع کا کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف چار رویہ 4 کلو میٹر روڈ کی تعمیر اور آئی ایٹ چوک پر انٹرچینج کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے، اس کے بعد فیض آباد سے ایئر پورٹ/کورال چوک تک 8.5 کلو میٹر دونوں اطراف 5 رویہ روڈ کی تعمیر و توسیع جبکہ کورال سے جی ٹی روڈ تک 12.5 کلو میٹر دونوں اطراف 4 رویہ روڈ کی تعمیر شامل ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک موجودہ تین رویہ سڑک کو نہ صرف تو سیع دے کر چار رویہ کیا گیاہے بلکہ گریڈ سیپریشن کی سہولت کا اضافہ بھی کیا جارہاہے ۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں اسلام آباد ایکسپریس وے کو فیض آباد سے لے کر کرال چوک تک موجودہ دونوں اطراف کی پانچ پانچ لینوں کی دوبارہ سے بحالی کے علاوہ دونوں اطراف کی سروس روڈز کو دو رویہ کیا جائے گا جبکہ تیسرے مرحلے میں چار چار لینز پر مشتمل ایکسپریس وے کرال چوک سے جی ٹی روڈ تک تعمیر کی جائے گی۔ انڈر اور اوور پاسز کی تعمیر، جدید ٹریفک سینٹرز کا قیام اور سیکورٹی سسٹم کی تنصیب بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات کے پیشِ نظر اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور جیسا میگا پراجیکٹ ممکن ہوا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈورکے منصوبے میں زیرو پوائنٹ سے روات تک 25 کلو میٹر روڈ مکمل کی جائے گی،اس منصوبے پر تقریباً 21.8 ارب روپے لاگت آئے گی۔