خبرنامہ پاکستان

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر تیزی سے کام جاری ہے

اسلام آباد ۔(اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، گوادر ۔ سہراب سیکشن دسمبر 2016ء تک مکمل ہو جائے گا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سیکشن کا سنگ بنیاد مارچ میں رکھا جائے گا جو 2018ء تک مکمل ہوگا۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے ذرائع کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اور حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ان منصوبوں کو تیزی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، چین کی طرف سے 46 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری چین پاکستان اقتصادی راہداری میں کی جا رہی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مغربی روٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ راہداری کے نتیجے میں پورے ملک اور خطے کے تین ارب سے زائد عوام مستفید ہوں گے اور پاکستان کے تمام صوبوں کو اس کا برابر فائدہ ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت خصوصی اقتصادی زونز اور توانائی کے منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے جن کے نتیجے میں پاکستان میں توانائی کے بحران کا خاتمہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔