خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹرز والدہ کے علاج کے لئے نواز شریف کا انتظار کررہے ہیں، مریم نواز

ڈاکٹرز والدہ کے علاج کے لئے نواز شریف کا انتظار کررہے ہیں، مریم نواز

لاہور:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز والدہ کے علاج کے سلسلے میں صلاح و مشورے کے لیے نواز شریف کا انتظار کررہے ہیں۔ احتساب عدالت کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میری والدہ کی طبیعت خراب ہورہی ہے۔ ڈاکٹرز ان کے علاج کے سلسلے میں صلاح و مشورے کے لیے نواز شریف کا انتظار کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ والدہ میری اور ابو کی منتظر تھیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے فون پر عدالتی اجازت سے متعلق بھی پوچھا لیکن جب عدالتی حکم کا معلوم ہوا تو کہا کہ ہمارا اللّہ مالک ہے!، اللّه ہر بیمار شخص کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور صحت عطا فرمائے، اللہ بچوں پر ان کی ماؤں کا سایہ سلامت رکھے کیونکہ ماں کے بغیر گھر قبرستان لگتا ہے۔ اس سے قبل احتساب عدالت سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ والدہ کی گردن میں پھر کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، ڈاکٹر نواز شریف سے مشورہ کرنا چاہتے ہیں لیکن نیب پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ پورے خاندان کا وہاں ہونا ضروری نہیں، کلثوم نواز کسی کی والدہ اور کسی کی اہلیہ بھی ہیں، بیماری کسی پر بھی آسکتی ہے۔ ایسی بات نہ کی جاتی تو بہتر تھا۔