خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹر رتھ فاؤ سرکاری اعزاز کیساتھ سپردخاک

کراچی(ملت آن لائن) پاکستان میں جذام کے مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر رتھ فاؤ سرکاری اعزاز کے ساتھ کراچی میں سپردخاک، ہزاروں سوگواروں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات میں صدر مملکت ممنون حسین، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ، ایئر چیف، گورنرسندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر مراد علی اور سیاسی رہنما بھی شریک ہوئے۔ آخری دیدار کیلئے ملک بھر سے چاہنے والے کراچی پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سول ہسپتال کراچی کا نام ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو نوٹی فکیشن جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ فخرِ سندھ اور فخرِ پاکستان تھیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ جذام ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری دونوں کی خواہشوں پر عمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں وینٹی لیٹر پر نہ رکھا جائے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ چاہتی تھیں کہ ان کا جسد خاکی میری ایڈیلیڈ ہسپتال لایا جائے اور سرخ جوڑے میں تدفین کی جائے۔ خیال رہے نوستمبر 1929 کو جرمنی میں پیدا ہونے والی پاکستانی کوڑھیوں کی مسیحا جرمن ڈاکٹر رُتھ فاؤ نے 1960 میں پاکستان میں جذام کے خاتمے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا، کوڑھیوں٘ کی مسیحا نے میکسیکو سے تعلق رکھنے والی سسٹر بیرنس کے ساتھ جذام کے مرض کا خاتمہ کرنے کیلئے ساری زندگی وقف کر دی۔
کراچی میں انہوں نے میکلو روڈ پر ڈسپنسری سے مریضوں کی خدمت کی۔ میری ایڈیلیڈ لپروسی سینٹر کی بنیاد رکھی جو 1965 میں ہسپتال کی شکل اختیار کر گیا۔ ڈاکٹر فاؤ نے ملک بھر میں 170 سینٹرز بنا دیئے،ان کی کوششوں سے ایشیا میں پاکستان واحد ملک ہے جہاں سے جذام کا خاتمہ ہو گیا۔ عالمی ادارہ صحت نے 1996ء میں پاکستان کوجذام پر قابو پانے والا ملک قرار دے دیا۔ حکومت پاکستان نے 1979 میں انہیں جذام کے خاتمے کے لیے وفاقی مشیر بنایا۔ 1988ء میں ڈاکٹر فاؤ کو پاکستان کی شہریت دے دی گئی۔ انہیں ہلال پاکستان، ستارہ قائداعظم، ہلال امتیاز، جناح ایوارڈ اور نشان قائداعظم سے بھی نوازا گیا جبکہ جرمن حکومت نے انہیں بیم بی ایوارڈ اور آغا خان یونیورسٹی نے روتھ فاؤ کو ڈاکٹر آف سائنس کا ایوارڈ بھی دیا۔