خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹر عافیہ کیس ،وزیراعظم ہاؤس سمیت دیگر کو نوٹس جاری

اسلام آباد:(اے پی پی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے سے متعلق درخواست پر وزیراعظم ہاؤس سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دئے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے فوزیہ صدیقی کی امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم امریکی صدر سے ملاقات کرکے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے اقدامات کریں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکا میں اہل خانہ سے ملاقات کروائی جائے اور صحت کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے درخواست پر وزیراعظم ہاؤس، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے ۔