خبرنامہ پاکستان

کراچی جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن، ممنوعہ سامان برآمد

کراچی: ملت آں لائن سینٹرل جیل میں رینجرز، ایف سی اورپولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران بیرکوں سے لاکھوں روپے نقد اور ممنوعہ سامان برآمد ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تبنظیم سے تعلق رکھنے والے دو قیدیوں کے فرار کے بعد دوسری مرتبہ آپریشن کیا گیا ہے۔ ایف سی، رینجرز اور پولیس کی اس مشترکہ کارروائی کو کراچی جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن کہا جارہا ہے۔ آپریشن کے دوران قیدوں کو بیرکس سے نکلنے پر پابندی تھی۔

سرچ آپریشن کے دوران ایف سی اور رینجرز نے جیل میں قید 7 ہزار قیدیوں کی جامہ تلاشی لی جس کے دوران سیاسی جماعتوں، کالعدم تنظیموں اور لیاری گینگ وار ملزموں کے قبضے سے 35 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے بیرک سے 12، ایم کیو ایم کے بیرک سے 70 اور گینگ وار ملزمان کے بیرک سے 100 اسمارٹ فونز بھی پکڑے گئے ہیں۔
Advertisement

ایف سی اور رینجرز نے اس کارروائی کے دوران مختلف بیرکس سے فریج ، ڈیپ فریزر اور فرنیچر کے علاوہ درجنوں ٹی وی بھی برآمد کئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف ایک بیرک سے 30 ٹی وی برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے بیرک سے قیدیوں کا کچا راشن اور گیس سلنڈرزبھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔