خبرنامہ پاکستان

کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے: قمر زمان

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے، اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے کڑوے اور میٹھے اقدامات کرنا پڑتے ہیں‘ عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد بحال ہورہا ہے‘ انسداد بدعنوانی میں سارک ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جس کی رینکنگ بہتر ہوئی ہے‘ پکڑ دھکڑ کی بجائے آگاہی اور تدارک کی مہم کے ذریعے کام کا طریقہ کار تبدیل کیا‘ عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ کرپشن کس بلا کا نام ہے‘ انسداد بدعنوانی کے حوالے سے آگاہی مہم کے تحت مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں‘9دسمبر کو بین الاقوامی انسداد بدعنوانی دن منایا جائے گا‘ صدر ممنون حسین انسداد بدعنوانی کے دن کے لئے ہمارے چیمپئن ہیں۔ وہ بدھ کو ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان میں کاروباری برادری سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وفاقی چیمبر کے صدر عبدالرؤف عالم، یو بی جی کے چئیرمین افتخار علی ملک ، ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار زبیر طفیل اور دیگر تاجر رہنما موجود تھے۔ قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر سے 278 ارب روپے وصول کر چکی ہے ۔ کرپشن کا ناسور ترقی پزیر ممالک میں پھیلا ہوا ہے جس سے معاشرے پر ہر طبقہ اور خصوصاً نوجوان متاثر ہوتے ہیں جس کے خلاف کوشش ہم سب کا فرض ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انترنیشنل کے رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں کرپشن مسلسل کم ہو رہی ہے جسکی وجہ سے ملکی امیج بہتر اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی اداروں کا دستور العمل اتنا دشوار ہوتا ہے کہ لوگوں کے پاس رشوت دئیے بغیر کوئی چارہ نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ نیک نیتی کے ساتھ کام کررہے ہیں تاہم اس کے باوجود غلطی ہوسکتی ہے۔ نیب تاجر برادری کی سفارشات کو اہمیت دیتا ہے اور انسداد بدعنوانی کے حوالے سے تاجر برادری کی سفارشات ہمارے لئے اہم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد بحال ہورہا ہے دنیا میں پاکستان کا شمار انسداد بدعنوانی کے اقدامات کرنے کے حوالے سے بہترین ممالک میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پکڑ دھکڑ کی بجائے آگاہی اور تدارک پر یقین رکھتے ہیں اس لئے ہم نے اپنے کام کا طریقہ کار تبدیل کیا ہے‘ تحقیقات اور انکوائریوں کو تیسرے نمبر پر رکھا ہوا ہے۔ کرپشن سے انکار کی مہم کو لے کر چل رہے ہیں اس کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کے پاس جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو بتایا جاسکے کہ کرپشن کس بلا کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو دسمبر کو بین الاقوامی انسداد بدعنوانی دن منایا جائے گا‘ صدر ممنون حسین انسداد بدعنوانی کے دن کے لئے ہمارے چیمپئن ہیں۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپشن سے غیر ملکی سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کا نظام پر اعتماد متاثر ہوتا ہے۔ اسکی وجہ سے درامدات اور برامدات مہنگی ہو جاتی ہیں جس سے تجارتی خسارہ بڑھ کر ترقی کے راستہ میں مشکلات پیدا کر دیتا ہے۔ نیب نے کرپشن کے خلاف قابل ستائش اقدامات کئے ہیں تاہم کسی تاجر کی گرفتاری سے قبل تفصیلی چھان بین کی جائے کیونکہ اگر کاروباری برادری کا کوئی رکن کرپشن میں پکڑا کیا تو ایف پی سی سی آئی اسکی کوئی مدد نہیں کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ چئیرمین نیب نے چین میں مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کئے ہیں جس سے اقتصادی راہداری میں شفافیت بڑھے گی جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔