خبرنامہ پاکستان

کرپشن کے خلاف آگاہی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے: چیئرمین نیب

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) چیئرمین قومی احتساب بیورو قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ 2016میں کرپشن کے خلاف آگاہی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے اور یہ مہم 2017میں بھی جاری رہے گی۔ نیب پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ بدعنوانی کینسر کی طرح ملک کو نقصان پہنچاتی ہے،قومی احتساب آرڈیننس نیب کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ملک بھر میں کرپشن کیخلاف آگاہی مہم شروع کرے۔ یہ بات انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹر میں نیب کرپشن کے خلاف آگاہی مہم سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے سرکاری، غیرسرکاری تنظیموں، میڈیا، سول سوسائٹی ، اور معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ مل کر منظم مہم چلائی ہے، اس کو معاشرے کے ہر طبقہ کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ اس دوران سال 2016کے دوران کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کی تفصیلات بھی جاری کی گئیں جن کے مطابق تمام شیڈولڈ بنکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر کرپشن کے خلاف نیب کا پیغام جاری کیا گیا ہے،انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پرنیب نے قومی سیمینار کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی صدرمملکت تھے،سیمینار میں سفیروں ، سول سوسائٹی، کے نمائندوں ، اعلی حکومتی شخصیات اور میڈیا سے نمائندوں نے شرکت کی۔ایوان صدر میں نیب نے واک کا اہتمام بھی کیا جس میں صدرمملکت نے بھی شرکت کی۔اس کے علاوہ نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کیلئے نیب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ گذشتہ ایک سال کے دوران نیب اور ایچ ای سی کے تعاون سے ملک بھر کی یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں میں 42 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے تمام ڈرائیونگ لائسنسوں پر 24لاکھ پیغامات پرنٹ کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ فلم سنسر بورڈ کے تعاون سے ملک کے تمام بڑے سینما ہاوسز میں انسداد بدعنوانی کے ویڈیو پیغامات چلائے جاتے ہیں۔وزارت قومی صحت کے ساتھ مل کر تمام سگریٹ کے پیکٹس پر کرپشن کے خلاف پیغامات پرنٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں چھپنے والے تمام سرکاری ٹینڈر نوٹسز پر کرپشن کیخلاف نیب کے پیغام چھاپے جارہے ہیں۔پی ٹی اے کے تعاون سے مختلف موبائل فون کمپنیوں کے ذریعے عالمی اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر نیب کے کرپشن کے خلاف پیغامات بھجوائے گئے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیع ہے اور اس کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پلڈاٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 42 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں، 30 فیصد پولیس اور 29 فیصد دیگر سرکاری افسران پر اعتماد کرتے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسپشن انڈیکس میں پاکستان 126 سے 117 ویں نمبر پر آ گیا ہے، یہ کامیابی پاکستان نے نیب کی کوششوں سے حاصل کی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم اور مشال پاکستان کے مطابق پاکستان عالمی اقتصادی فورم کے عالمی مسابقتی انڈیکس میں 126 ویں سے 122 ویں نمبر پر آ گیا ہے،